جائیداد کی تقسیم میں تاخیر کرنا
Question
وفات کے بعد جائیداد کی تقسیم میں تاخیر کرنے کا کیا حکم ہے؟
Answer
وارث کی وفات کے بعد وراثت مرد، عورت، جوان اور بوڑھے تمام ورثاء کا مشترکہ حق ہے، میت کے کفن دفن کے اخراجات کو ادا کرنے کے بعد ،قرض کی ادائیگی اور وصیت کے نفاذ کے بعد ہر وارث ترکے میں سے اپنے حصے کا حقدار ہے۔
اور کسی وارث کے لیے جائز نہیں کہ وہ باقی وارثوں کو محروم یا معطل کر کے انہیں ان کے مقررہ شرعی حق کو حاصل کرنے سے روکے ، اسی طرح سب وارثوں کے بغیر یا ان کی اجازت کے بغیر کسی ایک وارث کا ترکہ میں تصرف کرنا یااس پر اجارہ داری قائم کرنا جائز نہیں ہے۔ بغیر عذر کے تقسیم کو روکنا یا ورثاء کی رضامندی کے بغیر اس میں تاخیر کرنا شریعت کی رو سے حرام ہے۔ اس پر اللہ تعالی کا یہ ارشادِ گرامی دلالت کرتا ہے: ’’اور اپنے رب کی بخشش اور اس جنت کی طرف دوڑو جس کی چوڑائی آسمانوں اور زمین کے برابر ہے، جو پرہیزگاروں کے لیے تیار کی گئی ہے‘‘ (آل عمران: 133)، پس آیتِ مبارکہ میں مغفرت اور جنت میں داخلے کے اسباب کی طرف جلدی کرنے کا حکم ہے۔ جنت میں داخل ہونے اور اللہ تعالی کی رضا حاصل کرنے کا سب سے بڑا سبب بندوں کے حقوق ادا کرنا ہے۔