میت کی تدفین کرتے وقت وعظ کرنا
Question
کیا میت کی تدفین کے وقت حاضرین کو وعظ کرنا جائز ہے؟
Answer
میت کو دفن کرتے وقت موت اور دارِ آخرت کی یاد دلانے والا مختصر وعظ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ امیر المومنین مولا علی كرَّم الله وجهه فرماتے ہیں: ہم بقیع الغرقد میں ایک جنازے میں شریک تھے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی تشریف لے آئے اور ہمارے پاس بیٹھ گئے اور ہم آپ ﷺ کے ارد گرد بیٹھ گئے اور آپ ﷺ کے پاس ایک چھڑی تھی، آپ اس سے زمین کرید رہے تھے پھر آپ ﷺ نے فرمایا: ” کوئی جان ایسی نہیں جس کا ٹھکانا جنت اور دوزخ میں نہ لکھا گیا ہو اور یہ بھی کہ وہ نیک بخت ہو گی یا بدبخت۔ اس پر ایک صحابی نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! پھر کیوں نہ ہم اپنی تقدیر پر بھروسہ کر لیں؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: تم لوگ عمل کرتے رہو اس لیے کہ ہر شخص کو اسی عمل کی توفیق ملتی ہے جس کے لیے وہ پیدا کیا گیا ہے“۔متفق علیہ۔